پنجاب، رمضان میں سستی خوراک کی فراہمی کا پیکیج تیار

لاہور: پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردنی مہیا کرنے کے لیے جامع پیکیج تیار کر لیا ہے۔ اس پیکیج کے تحت قیمتوں پر کنٹرول کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے گا تاکہ عوام کو کھانے پینے کی ضروری اشیا سستے داموں اور وافر مقدار میں میسر آئیں۔ یہ بات صوبائی سیکریٹری انڈسٹری ڈاکٹر شجاعت نے رمضان بازار پلان 2013 کے تحت منعقدہ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ بریفنگ میں سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری ایگریکلچر کے علاوہ صوبے بھر کے کمشنرز صاحبان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال کی نسبت 48 رمضان بازاروں کے اضافے کے ساتھ پورے صوبے بھر میں 350 رمضان بازار قائم کیے جائیں گے جن کی مانیٹرنگ صوبائی وزرا اور ممبر صوبائی اسمبلی کریں گے۔سیکریٹری انڈسٹری نے بتایا کہ پرائس کنٹرول میکانزم پر بھر پور عملدرآمد کے لیے 1381 مجسٹریٹوں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی، اس ضمن میں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کا مکمل محاسبہ کیا جائے گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ اتوار بازار، جمعہ بازار اور رمضان بازار لگائے جائیں گے جن میں ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس، آپریشنل ماڈل بازار، مدنی دستر خوان 612، جبکہ رمضان دستر خوان 1000 روزہ داروں کے لیے کام کریں گے۔ سیکریٹری انڈسٹری نے بتایا کہ رمضان بازار کے بارے میں ہول سیلرز اور ریٹیلرز سے گفت و شنید کی جا چکی ہے تاکہ رمضان بازار میں اشیا کی فراہمی میں کوئی دشواری حائل نہ ہو سکے۔

تبصرے بند ہیں.