پشاور: خود کش حملہ آور چرچ روڈ سے مرکزی دروازے میں داخل ہوئے، تحقیقاتی رپورٹ

پشاور: چرچ دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ کے مطابق دونوں خود کش حملہ آور چرچ روڈ سے مرکزی دروازے میں داخل ہوئے۔ پشاورکے گرجا گھر میں خودکش حملوں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق ایک خود کش حملہ آور کی عمر 20 جبکہ دوسرے کی 22 سال کے درمیان تھی، دونوں خود کش حملہ آوروں نے نائن ایم ایم پستول ، بال بیرنگ ،دستی بم ،سیفٹی پن، اور6 کلو بارود مواد حملوں میں استعمال کیا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلا خود کش حملہ آور گیٹ پر تعینات پولیس کانسٹیبل پر فائرنگ کرکے اندر داخل ہوا، جبکہ دوسرے دہشت گرد نے دستی بم پھینک کر خود کو چرچ کے اندر دھماکے سے اڑالیا۔ رپورٹ کے مطابق چرچ میں دھماکے کرنے والے دونوں خودکش بمباروں کےسرمل گئے، جن میں سے ایک حملہ آور کے سر کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے، تاہم پولیس کے مطابق ایک حملہ آور غیر ملکی لگتا ہے، دھماکے کی تحقیقات کے لئے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کوہاٹی گیٹ میں واقع گرجا گھر میں یکے بعد دیگرے دو خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 150 افراد زخمی ہوگئے، چرچ دھماکے کے بعد پشاورکی فضاء سوگوار ہے، میتوں کی تدفین کا سلسلہ رات سےجاری ہے، جبکہ المناک واقعے کےخلاف مظاہرے بھی کئے جارہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.