پرویزالہٰی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی ضمانت منظور

اینٹی کرپشن کورٹ نے تحریک انصاف کے مرکزکی صدر چودھری پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے دست راست محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت پر اینٹی کرپشن کورٹ کے جج علی رضا نے سماعت کی۔دوران سماعت محمد خان بھٹی کے وکیل امجد پرویز نے ایف آئی آر پڑھ کر سنائی، عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم پر کتنی کرپشن کا الزام ہے؟۔پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزم پر مجموعی طور پر80 کروڑ کی کرپشن کا الزام ہے، ملزم کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ پراسیکیوشن کی کہانی صرف مفروضوں اور باتوں پر مبنی ہے، رقم منتقل کرنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں، مقدمہ سیاسی ہے۔عدالت نے 5، 5 لاکھ کے دو مچلکوں کے عوض محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔کیس میں شریک 5 ملزمان کو بھی اینٹی کرپشن کورٹ کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے محمد خان بھٹی کے شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں 5 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام کو تفتیشی رپورٹ مکمل کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ملزمان پر محمد خان بھٹی کو رشوت دے کر مرضی کے عہدوں پر تعیناتی کا الزام ہے، ملزمان پر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کروڑوں روپے کمیشن لینے کا بھی الزام ہے۔

تبصرے بند ہیں.