پاک بھارت اسپیکرز کا خطے میں قیام امن کیلیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اسلام آباد: بھارت اورپاکستانی پارلیمان کے اسپیکروںنے تمام رکاوٹوں کے باوجود دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بہترتعلقات کے فروغ کیلیے مشترکہ طورپرکام کرنے سے اتفاق کیاہے،یہ اتفاق جنیوا میں ہونیوالی انٹرپارلیمانی یونین اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں اسپیکروں کے مابین ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے دونوں ممالک کے مابین اعتماد میں اضافے اورتلخیوںکے خاتمے کے لیے پارلیمانی ڈپلومیسی کوبروئے کار لانے کی ضرورت پرزوردیا ،انھوںنے کہاکہ پارلیمنٹ ہی عوام کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے سب سے بہترادارہ ہے،بھارتی اسپیکرمیراکمارکے فروری 2012 میں پاکستان کے دورے کاحوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ان کے پاکستان کے دورے سے دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین خیرسگالی کی فضاقائم ہوئی اورتعاون کی نئی راہیں ہموارہوئیں،انھوںنے کہاکہ میراکمارکاپاکستا ن کادورہ کسی بھی بھارتی اسپیکرکاپہلادورہ تھا،انھوںنے اس سلسلے کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہارکیا۔میرا کمار نے کہا کہ ان کے دورے کی خوشگوار یادیں اب تک تازہ ہیں،دونوںممالک کے میڈیانے بھی اس دورے کوبہت زیادہ اہمیت دی،جب کبھی بھی دونوںممالک کے مابین خیرسگالی کی فضا قائم کرنے اورتعاون بڑھانے کیلیے کوششیں کی جاتی ہیں تو کسی کے انفرادی عمل سے انھیں سبوتاژ کردیاجاتا ہے، میراکمارنے کہا کہ خطے میں دہشتگردی سے تمام اقوام متاثرہورہی ہیں ، انھوں نے اس لعنت کے خاتمے کے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت پرزوردیا،سردارایازصادق نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوااور 60ہزارسے زائد معصوم جانیںنشانہ بنیں،لائن آف کنٹرول پربات کرتے ہوئے اسپیکرنے کہاکہ کسی کے انفرادی عمل سے مشترکہ کوششوں کوضائع نہیںہوناچاہیے،دونوں ممالک کے مابین وافر اقتصادی مواقع موجودہیںجس سے دونوںکو مستفید ہونا چاہیے اور دونوں کی ترقی اورخوشحالی کے لیے باہمی تجارت کو فروغ دیناچاہیے۔میراکمارنے سردارایازصادق کی تجویزسے اتفاق کرتے ہوئے انھیں انڈیا کادورہ کرنے کی دعوت دی، سپیکرقومی اسمبلی نے دعوت قبول کرتے ہوئے اس امید کااظہارکیاکہ انکے دورے سے دونوں پارلیمانوںکے مابین تعلقات کومزیدفروغ حاصل ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.