پاک ایران گیس منصوبہ؛ وزیراعظم کی وزارت خارجہ کو ایران سے تناؤ ختم کرنے کی ہدایت

پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق وزارت پیٹرولیم نے ایران کو خط کا جواب بھجوا دیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کا پابند ہے تاہم ایران پرعالمی پابندیاں ختم ہونے پرمنصوبہ مکمل کرلیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے نوٹس پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ، امریکا، یورپین کونسل سمیت دیگر فورمز کو قانونی یادداشت بھیجنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران پرعالمی پابندیاں منصوبے پرزمہ داریاں پوری کرنے میں رکاوٹ ہیں اس سلسلے میں انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایران کے ساتھ آئی پی گیس منصوبے کیلئے مفاہمتی طریقہ اختیار جائے اور مل کر منصوبے پر عمل درآمد کے امکانات تلاش کئے جائیں۔وزیراعظم کی جانب سے وزارت خارجہ کو ایران کے ساتھ تناؤ ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ عالمی اداروں سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر واضح پوزیشن لی جائے اور ایران سے گیس کی قیمت خرید پر بھی نظرثانی کا عمل شروع کیا جائے۔واضح رہے ایران نے 28 فروری 2019 کو گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کے لئے نوٹس بھجوایا تھا جس میں کہا گیا کہ اگر پاکستان پائپ لائن مکمل نہیں کرتا تو عالمی عدالت انصاف جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.