پاکستان کے جوہری اثاثے انتہائی محفوظ ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے ایٹمی پروگرام سے متعلق بین الاقوامی خدشات کو مسترد کردیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی آزاد اور خود مختار ریاست پر جارحیت کی حمایت نہیں کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خارجہ امور اورقومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز ، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو سرحدوں کی تشویشناک صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خطرات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔ اس موقع پر اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل خالد قدوائی نے جوہری اثاثوں کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے انتہائی محفوظ ہیں۔ جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کے خدشات غلط ہیں۔ پاکستان نے اپنے جوہری اثاثوں کے تحفظ کے لیے جامع اور مربوط اقدامات کیے ہیں، جن میں جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس خصوصی فورس کی تشکیل بھی شامل ہے

تبصرے بند ہیں.