پاکستان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے، چینی وزیراعظم
اسلام آباد: چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا اور بیرونی سطح پر دنیا کا اہم ترین ملک ہے، پاکستان کے ساتھ دوستی اور باہمی تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ لی کی چیانگ نے سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب پر انہیں بہت خوشی ہے اور وہ اس کو اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس کی تہذیب شاندار ہے، وہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی بہت جفاکش اور محنتی قوم ہے، جس نے ہمیشہ قدرتی آفات اور مصیبتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ لی کی چیانگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ لی کی چیانگ نے کہا کہ پاکستان ہرآزمائش پر پورا اترنے والا بہترین دوست ہے اور پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی ہرسطح پر غیرمشروط حمایت جاری رکھیں گے۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں امن اور خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.