پاکستان کیساتھ ملکر کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، ایرانی سفارتکار
کوئٹہ: کوئٹہ میں ایران کے قونصل جنرل سید حسن یحییٰوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ سمیت دیگر شعبوں میں مل کر کام کرنا ایران کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متوقع وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ملاقات کے دوران ایک ہزار میگاواٹ بجلی دینے کی پیش کش کی ہے، ایران میں انتخابات کا عمل مکمل ہوتے ہی دوطرفہ وفود ممالک کا دورہ کریں گے۔ وہ جمعہ کو کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے اراکین اور میڈیا نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ سید حسن یحییٰوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تاجروں کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے جنہیں مل بیٹھ کر حل کریں گے کیونکہ مل بیٹھ کر بات چیت سے ہی مسائل کا راستہ نکالاجاسکتا ہے اس کے بغیر کوئی اور چارہ نہیں، ہمارے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات رہے ہیں جو مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے تجارت سے وابستہ افراد کے لیے ویزہ فیس کم کرنے پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔اب 22 ہزار کی بجائے ان سے 15 ہزار روپے اس مد میں وصول کیے جائیں گے۔ پاکستان کی تاجر برادری کے لیے بارڈر پر علیحدہ کاؤنٹر کھولا جائے گا تاکہ انہیں ویزوں کے حصول میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ایران جانے والی کوئٹہ تفتان شاہراہ کی حالت زار بہتر بنائی جائے تو اس سے تجارت سے وابستہ افراد سمیت دیگر کو بھی فائدہ ہوگا۔ ایران میں انتخابات ہونے جارہے ہیں جیسے ہی انتخابی عمل مکمل ہوگا پاک ایران وفود ممالک کا دورہ کریں گے اور مختلف مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران ریلوے لائن اور ٹرینوں کی حالت زار پر بھی توجہ دینی چاہیے پاکستان ایران کے ساتھ فضائی اور زمینی راستوں سے جڑا ہوا ہے جتنا ممکن ہوگا تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ بلوچستان کی تاجر برادری نے سرحد پر بینک کھولنے کی جو تجویز دی ہے اس پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ تجارت سے وابستہ افراد کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس سے قبل چیمبر آف کامرس کے صدر غلام فاروق نے ایرانی قونصل جنرل کو سپاسنامہ پیش کیا اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
تبصرے بند ہیں.