پاکستان کو ایک بار پھرآفریدی اور یونس کی یاد ستانے لگی

لاہور: چیمپئنز ٹرافی میں ناقص پرفارمنس کے بعد پاکستان کو ایک بار پھر شاہد آفریدی اور یونس خان کی یاد ستانے لگی۔ دونوں کو فیصل اقبال کے ساتھ دورئہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، شعیب ملک، کامران اکمل اور عمران فرحت کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمر نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سلیکٹرز نے چیف کوچ ڈیو واٹمور سے بات چیت کے بعد دورئہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کیلیے ابتدائی 20 رکنی فہرست تیار کرلی، پاکستان ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں ناقص پرفارمنس کے بعد شاہد آفریدی اور یونس خان کی واپسی کیلیے راہ ہموار ہوگئی، شعیب ملک، کامران اکمل اور عمران فرحت کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمر نئے کھلاڑیوں کو موقع ملے گا، ان میں اوپنرز احمد شہزاد، خرم منظور، مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود اور حارث سہیل، آل راؤنڈرز حماد اعظم اور محمد نواز کے نام شامل ہیں۔ عمر امین کی جگہ برقرار جبکہ فیصل اقبال اور اعزاز چیمہ کی واپسی ہو سکتی ہے۔ وکٹ کیپرز میں عدنان اکمل اور سرفراز احمد بھی فہرست میں شامل ہیں۔ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی معطلی برقرار رہنے یا بورڈ کے عبوری سربراہ کی تقرری نہ ہونے کی صورت میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ہی حتمی اسکواڈ کی منظوری دیدینگے۔

تبصرے بند ہیں.