پاکستان پر امن ملک ہے اور پڑوسیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتاہے،وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ دوستانہ اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے نیویارک روانگی سے قبل راولپنڈی کے نور خان ائر بیس پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ اقتصادی اور باہمی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ وہ ایک جمہوری اور ذمہ دار ریاست کے رہنما کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران باہمی معاشی تعاون، سرمایہ کاری، اسٹرٹیجک تعلقات پر بات ہوگی۔ وہ دنیا کو یہ بھی بتائیں گے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ امن کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ وزیراعظم نیو یارک میں کئی ملکوں کے سربراہوں اور بااثر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں چین کے وزیر خارجہ، بھارتی وزیر اعظم، کویت کے نئے امیر، یورپی یونین کے صدر، آئی ایم ایف کے ایم ڈی ، نیٹو کے سیکرٹری جنرل ،سعودی عرب کے ولی عہد سعود الفیصل اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نمایاں ہیں۔

تبصرے بند ہیں.