پاکستان میں کورونا وائرس سے 134 جاں بحق ، 7027 متاثر 

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر و ہلاک کرنے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاو¿ بڑھ رہا ہے اور روز نئے کیسز اور اموات سامنے آرہی ہیں، آج آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 27 ہوگئی جبکہ اموات 134 تک پہنچ گئی ہیں۔گزشتہ 2 روز سے ملک میں اموات کی شرح میں اچانک بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک روز میں 17 اموات تک ریکارڈ کی گئی ہیں، جو پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز مرنے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے، اسی طرح کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹ میں اضافے کو بھی بتایا جارہا ہے۔ اپریل کا مہینہ پاکستانیوں کے لیے کورونا وائرس کے حساب سے کافی تشویش ناک دیکھا جارہا ہے کیونکہ اس ماہ کے صرف 17 دنوں میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ اموات بھی 100 سے زائد ہوئی ہیں۔یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف پابندیاں اور جزوی لاک ڈاو¿ن میں بھی 30 اپریل تک توسیع کی جاچکی ہے۔جمعہ (17 اپریل کو) سامنے آنے والے کیسز کو دیکھیں تو صبح کے اوقات میں اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کیسز رپورٹ کیے گئے، سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے، وفاقی دارالحکومت میں ان 9 کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 145 سے بڑھ کر 154 ہوگئی ہے۔اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 8 نئے مریض سامنے آئے، جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 237 سے بڑھ کر 245 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور یہ 1765 تک پہنچ چکی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز تک پاکستان میں 1645 افراد صحتیاب ہوئے تھے تاہم ان میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 1765 ہوگئی۔علاوہ اازیں اگر اسلام آباد اور گلگت کے سوا دیگر صوبوں اور علاقوں کے کیسز کی بات کریں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 3276 کیسز ہیں، اس کے بعد سندھ میں 2008، خیبرپختونخوا میں 993 افراد متاثر ہوئے ہیں، بلوچستان میں یہ تعداد 305 ہے جبکہ آزاد کشمیر میں 46 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔اموات کے حساب سے دیکھیں تو سندھ خیبرپختونخوا میں ایک ہی تعداد ہے، سندھ 45، خیبرپختونخوا 45، پنجاب 35، بلوچستان 5، گلگت بلتستان 3، اسلام آباد 1اور آزاد کشمیرمیں اللہ کے فضل و کرم سے کوئی شخص جکورونا سے ہلاک نہیں ہوا۔

تبصرے بند ہیں.