پاکستان سے سیریز؛ بھارت ممکنہ انکار کے جواز گھڑنے میں سرگرم

ممبئی: پاک بھارت سیریز پر چھائے خدشات کے بادل مزید گہرے ہوگئے، بی سی سی آئی انکار کے جواز گھڑنے میں سرگرم ہے،28اگست کو ورکنگ کمیٹی میٹنگ کے بعد پی سی بی کو سرخ جھنڈی دکھانے کا امکان روشن ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کو ایم او یو کے تحت دسمبر میں پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے، پی سی بی ان مقابلوں کا انعقاد یواے ای میں کرانے کا خواہاں لیکن ہمیشہ کی طرح بی سی سی آئی کی جانب سے انکار کے بہانے تلاش کرنے کا سلسلہ جاری ہے، قبل ازیں حکام کہتے رہے کہ انھیں نریندر مودی سرکار کی اجازت درکار ہوگی جس کیلیے کوشش کررہے ہیں، دوسری جانب سیاسی کشیدگی کو جواز بناکر بھارتی بورڈ کی طرف سے سیریز نہ کھیلنے کیلیے جواز گھڑنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی،یہ تیور دیکھنے کے بعد دورئہ بھارت کے بعد خاصے پُرامید نظر آنے والے چیئرمین پی سی بی شہریارخان بھی اب زیادہ حوصلہ افزا خیالات نہیں رکھتے،ان کی جانب سے ’’بی‘‘ پلان کی باتیں ہو رہی ہیں۔

چند روز قبل گورداس پور میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کا الزام عائد کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے مستقبل قریب میں باہمی مقابلوں پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا، اس پر بورڈ کے کسی اور عہدیدار نے اپنے ردعمل کا اظہار کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا، اب ایک بار انھوں نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے پاکستان پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا، ٹھاکر نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن و امان ہونا ضروری ہے، سرحدوں پر گولہ باری جاری ہو تو عوام باہمی مقابلے سے کیسے لطف اندوز ہوسکتے ہیں،اگر امن ہوجائے تو میں خود گیند اور بیٹ لے کر پاکستان جاؤں گا،ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کا 28 اگست کو شیڈول اجلاس ختم ہونے کے بعد پی سی بی کو سرخ جھنڈی دکھا دی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.