پاکستان اور چین کی کئی قدریں مشترکہ ہیں، چینی وزیراعظم
اسلام آباد: چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کی زندہ دلی اور مہمان نوازی پر ان کا شکر گزار ہوں، پاکستان اور چین کی کئی قدریں مشترکہ ہیں۔ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے کے بعد ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں اور حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر پاکستان کا شکر گزار ہوں۔ بحیثیت وزیراعظم پہلی بار پاکستان آیا ہوں، اس سے پہلے بھی پاکستان آچکا ہوں اس وقت بھی پاکستانی شہریوں کو بہت اچھا پایا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے پاک چین دوستی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان اور چین کی کئی قدریں مشترکہ ہیں۔ دونوں ممالک کی دوستی نسل در نسل مضبوط ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
تبصرے بند ہیں.