پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ آج کھیلا جائے گا
سینٹ لوشیا: ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ جمعے کو سینٹ لوشیا میں کھیلا جائے گا۔ رنز کیلیے ترسے ہوئے مہمان بیٹسمینوں کے مرجھائے ہوئے چہرے سازگار وکٹ دیکھ کر کھل اٹھے، آؤٹ آف فارم محمد حفیظ کی ٹیم میں جگہ خطرے میں پڑ چکی، مزید ناکامی کی صورت میں کپتان کو انھیں بقیہ میچز سے ڈراپ کرنے کا کڑوا گھونٹ پینا پڑیگا،اوپنر احمد شہزاد بھی اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کیلیے فکر مند ہیں، مسلسل ناکامیوں کے شکار اسد شفیق کی جگہ عمر امین کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جا سکتا ہے، پیسر اسد علی کو ڈراپ کرکے جنید خان کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، مصباح الحق کو سست روی سے پیچھا چھڑا کر ون ڈے کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق اننگز آگے بڑھانا ہوگی، پہلے مقابلے کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی سے یکطرفہ بنانے والے شاہد آفریدی اور فارم میں واپسی کا اشارہ دینے والے عمر اکمل سے ٹیم کو بلند توقعات وابستہ ہیں،کرس گیل بھی بیٹ پر جمی گرد جھاڑنے کیلیے کوشاں ہیں۔ مہمان سائیڈ کو اسی کے ساتھ براوو برادرز پر بھی قابو پانا ہوگا، سلیکٹرز نے ابتدائی دونوں میچز میں حصہ لینے والا اسکواڈ برقرار رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گیانا کی بیٹنگ کیلیے مشکل کنڈیشنز میں سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بقیہ تینوں ون ڈے میچز کیلیے سینٹ لوشیا پہنچ چکی ہیں، بیوسجوئر کرکٹ اسٹیڈیم میں گذشتہ ایک سال سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا گیا، البتہ وہاں کی پچ سپورٹنگ ہے، یہاں بیٹسمینوں اور بولرز کیلیے صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے یکساں مواقع ہوتے ہیں، 5 سال میں یہاں سب سے بڑا مجموعہ 294 کا تشکیل دیا گیا، ابتدائی دونوں مقابلوں میں وکٹیں لو اور سلو ہونے کی وجہ سے چند انفرادی اننگزکے سوا زیادہ تر بیٹسمین رنز بنانے کیلیے جدوجہد کرتے نظر آئے،اب تک ناکام کئی بڑے نام سینٹ لوشیا میں فارم کے متلاشی ہوں گے۔
تبصرے بند ہیں.