پاکستان اور سائپرس کے مابین تجارتی حجم میں اضافہ ضروری ہے، چیئر مین سینٹ

سائپرس کے پاکستان میں زیر تعلیم طلباء کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیگی،محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک)پاکستان اور سائپرس کے درمیان دیرینہ سیاسی، سماجی اور تجارتی تعلقات ہیں ان روابط کو مزید مربوط بنانے کیلئے دونوں ملکوں کے مابین وفود کے تبادلوں میں اضافہ کرنا ہو گا، دونوں ملکوں کے مابین تجارت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پیر کو اپنے چیمبر میں سائپرس کے اعزازی کونسل جنرل میاں حبیب اللہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی رابطہ کاری کو زیادہ موثربنانے سے نہ صرف باہمی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے گا۔ اس موقع پر سائپرس کے کونسل جنرل نے چیئرمین سینیٹ کو دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے کی جانی والی کوششوں اور پاکستان میں زیر تعلیم سائپرس کے پانچ ہزار طلباء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں زیر تعلیم ان طلباء کو بہترین سہولتوں کی فراہمی اور اْن کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ طلباء کسی بھی ملک میں اْس ملک کے سفیر اور نمائندے کے طور پر موجود ہوتے ہیں جو کہ باہمی تعلقات کو ترقی دینے میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی سائپرس میں زیر تعلیم ہے امید ہے کہ سائپرس کی حکومت پاکستانی طلباء کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھر پور معاونت فراہم کر ے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کیلئے دونوں ممالک کے چیمبر آف کامرس کے درمیان موثر رابطے اور تجارتی وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالاء￿ اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

تبصرے بند ہیں.