پاکستان اسپین جال میں پروٹیز کو اُلجھانے کیلیے تیار

پاکستان ٹیسٹ سیریز کے دوران اسپن جال میں پروٹیز کو الجھانے کیلیے مکمل تیار ہے، پہلا میچ پیر سے ابوظبی میں شروع ہوگا۔ کپتان مصباح الحق نے حریف بیٹسمینوں کے شکارکو سعید اجمل کیلیے چیلنج قرار دے دیا، انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقی سائیڈ آف اسپنر کو اچھی طرح جانتی ہے، انھیں کامیابی کیلیے اپنی بولنگ کو مزید مہلک بنانا ہوگا، دورئہ زمبابوے کے بعد ہرکھلاڑی خود کو منوانے کیلیے بے قرار ہے، یہاں کی کنڈیشنز ہمارے لیے موزوں اور ایک بار پھر فتح کے جھنڈے گاڑنے کیلیے تیار ہیں۔ ادھر جنوبی افریقی سائیڈ اسپن بولنگ کے خلاف اپنے نسبتاً بہتر ریکارڈ پر نازاں ہے،کپتان گریم اسمتھ نے کہاکہ ہم سعید اجمل کو اچھی طرح کھیلتے ہیں، مجھے یاد ہے کہ انھیں گذشتہ سیریز کے دوران ڈراپ بھی کردیا گیا تھا، ہم پر دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم ہونے کا کوئی اضافی دبائو نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار دونوں قائدین نے پیر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ دونوں کپتان اس بات پر متفق ہیں کہ اس سیریز میں سعید اجمل کا کردار اہم ہوگا۔ مصباح الحق نے کہاکہ میرے خیال میں اجمل کیلیے جنوبی افریقہ کو بولنگ کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا، انھوں نے انگلینڈ کے خلاف یہاں اچھی کارکردگی پیش کی مگر یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ ان کے لیے نئے تھے،پروٹیزکھلاڑی ان سے اچھی طرح واقف اور عمدگی سے سامنا کرتے ہیں، اس لیے انھیں یہاں اپنی بولنگ کو مزید مہلک بنانا ہوگا، کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے زیادہ تر بیٹسمینوں کا یو اے ای میں ریکارڈ کافی شاندار ہے، بولرز یہاں وکٹیں لے چکے اس لیے ہم شناسا کنڈیشنز میں واپسی پر کافی خوش اور اعتماد محسوس کررہے ہیں، جب بھی سامنا کسی بڑی ٹیم سے ہوکھلاڑیوں میں کافی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے، دورئہ زمبابوے کے بعد ویسے بھی پلیئرز خود کو منوانے کیلیے بے چین ہیں، ہم ماضی میں زندہ نہیں رہنا چاہتے، اس لیے پوری توجہ صرف درپیش معرکوں پر ہی مرکوز ہے۔ابوظبی کی کنڈیشنز بھی ہمارے لیے موزوں اور مجھے یقین ہے کہ یہاں کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے۔ دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کو سعید اجمل کے خلاف اپنی ٹیم کی پرفارمنس پر کافی خوشی ہے، رواں برس کے آغاز پر سیریز میں اگر سعید اجمل کی کیپ ٹائون کی اسپنرز کیلیے موزوں کنڈیشنز میں10 وکٹوں کو نکال دیا جائے تو باقی2ٹیسٹ میں انھوں نے صرف 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ اسمتھ نے کہاکہ آخری مرتبہ ہم نے سعید اجمل کا بہت اچھی طرح سامنا کیا جس کی وجہ سے انھیں چند میچز سے ڈراپ بھی کردیا گیا تھا، وہ اب بھی پاکستان کیلیے بنیادی پلیئر اور ورلڈ کلاس پرفارمر ہیں مگر ہم ان کا اعتماد سے سامنا کریں گے۔ ذوالفقار بابر کے بارے میں گریم اسمتھ نے کہا کہ وہ ہمارے لیے نامعلوم اور ہمیں ان کی بہت کم ویڈیوز مل سکی ہیں،کچھ کھلاڑیوں نے اسپنرکی بولنگ دیکھی ہے مگر جب تک ہم خود ان کا سامنا نہ کرلیں وہ ہمارے لیے پراسرار ہی بنے رہیں گے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ 2006 میں سری لنکا کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کے بعد ملک سے باہر کوئی بھی سیریز نہیں ہارا، پاکستان کے خلاف یو اے ای میں 2010 کی سیریز0-0 سے ڈرا ہوگئی تھی۔ اسمتھ نے واضح کیا کہ دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ سائیڈ ہونے کی وجہ سے ہم پر کوئی اضافی دبائو نہیں،اگر کوئی پریشر ہو بھی سکتا ہے تو وہ بہتر پرفارم کرنے کی توقعات کا ہوگا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کا جنوبی ایشیائی ٹیموں کے خلاف بھی ریکارڈ کافی بہتر ہوا اورگذشتہ 20 میچز میں صرف 4 میں شکست ہوئی،پروٹیز نے پاکستان سے 21 ٹیسٹ کھیلے،اسے11 میں فتح اور صرف تین میں شکست ہوئی جبکہ باقی سات ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.