ٹیکس ہدف کا حصول دشوار، وصولیاں 2000 ارب سے کم رہنے کا خدشہ

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی طرف سے رواں ماہ کے دوران حاصل کردہ ٹیکس وصولیوں میں5 فیصد کمی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں شارٹ فال 450 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگیا جس کے باعث رواں مالی سال کے اختتام تک ایف بی آر کے لیے ٹیکس وصولیوں کا مقررہ ہدف حاصل کرنا تودرکنار 2000 ارب روپے تک پہنچنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو 30جون تک 2000 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں تک پہنچنے کے لیے129 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولیاں کرنا ہونگی۔ اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع نے بتایا ایف بی آرکی طرف سے رواں ماہ (جون) کے 28دنوں کے دوران 190ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میںکی جانے والی وصولیوں سے بھی 5فیصد کم ہیں، اس طرح رواں مالی سال 28 جون تک حاصل کردہ ٹیکس وصولیاں 1870.85ارب روپے ہوگئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے رواں ماہ (جون) میں 28 تاریخ تک حاصل کی جانے والی 1کھرب 90 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس(انکم ٹیکس)کی مد میں مجموعی طور پر82 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں75 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں16 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں18 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.