ٹیلی کام سیکٹر سے ایف بی آر کو سیلز ٹیکس وصولی 54 فیصد کم
اسلام آباد: اٹھارویں ترمیم کے تحت سروسز پر ٹیکس عائد کرنے اور وصول کرنے کا اختیار صوبوں کو منتقل ہونے کے باعث گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی تک ٹیلی کام سیکٹر سے حاصل ہونے والی سیلز ٹیکس وصولیوں میں 54 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ سہ ماہی جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں تیسری سہ ماہی(جولائی 2012 سے مارچ 2013) تک ٹیلی کام سیکٹر کی خدمات پر سیلز ٹیکس میں 54.4 فیصد کمی ہوئی۔ایف بی آر کے مطابق اس دوران چینی پر سیلز ٹیکس میں بھی 17.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سیلز ٹیکس کی مجموعی وصولی 2 کھرب 83 ارب 70 کروڑ روپے رہی جو مالی سال 2012 کی تیسری سہ ماہی میں 2 کھرب 55 ارب 50کروڑ روپے تھی، اس طرح مجموعی سیلز ٹیکس وصولی میں11 فیصد اضافہ ہوا۔
تبصرے بند ہیں.