ٹیسٹ رینکنگ: پاکستان کیلیے چوتھی پوزیشن پر قدم جمانے کا موقع

دبئی: پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر قدم جمانے کا موقع میسر آگیا، زمبابوے کے خلاف سیریز کلین سوئپ آسٹریلیا سے فرق بڑھا دیگا۔ تیسرے نمبر پر موجود بھارت سے فاصلہ بھی سمٹ جائیگا، زمبابوین سائیڈ کی7 برس بعد رینکنگ چارٹ پر واپسی ہوگئی، پلیئرز کے پاس بھی پوزیشن بہتر بنانے کا سنہری چانس موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان منگل سے2 ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز ہوگا، ٹیم اس سے رینکنگ میں اپنی چوتھی پوزیشن کو مستحکم بنا سکتی ہے، اس وقت پوائنٹس کی تعداد102 ہے، آسٹریلیا ایک پوائنٹ کی کمی سے پانچویں نمبر پر رہا،اگر مصباح الیون کلین سوئپ کرلے تو اسے2پوائنٹس ملیں گے ۔جس سے مجموعی تعداد104 ہوجائیگی، یوں تیسرے نمبر پر موجود بھارت سے فاصلہ12 پوائنٹس کا رہ جائیگا، البتہ اگر پاکستان یہ سیریز 1-0 سے جیتا تو کوئی پوائنٹ نہیں ملے گا مگر چوتھی پوزیشن بھی برقرار رہے گی۔ دوسری جانب زمبابوے کی ٹیسٹ رینکنگ میں واپسی ہوگئی، 2006 میں سینئر فارمیٹ سے الگ ہونے والی ٹیم نے2011 میں کم بیک کیا، اسے واپس رینکنگ میں آنے کیلیے کم سے کم 8 ٹیسٹ کھیلنے کی ضرورت تھی،اب پاکستان سے2 ٹیسٹ کے بعد مطلوبہ تعداد مکمل ہوجائیگی،اگر ٹیم ان2 میچز میں اپ سیٹ کرتے ہوئے کلین سوئپ کرے تو47 پوائنٹس کیساتھ واپسی ہوگئی۔ 1-0 سے فتح پر پوائنٹس 43 ہوں گے، سیریز ڈرا ہونے اسے 34 پوائنٹس ملیں گے، مگر ہر صورت میں ٹیم 9 نمبر پر موجود بنگلہ دیش کی جگہ سنبھال لے گی جس کے پوائنٹس صرف 10 ہیں۔ اس وقت بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ 20 میں پاکستان کے 4 پلیئرز شامل ہیں، یونس خان 8، اظہر علی 12، مصباح الحق 16 اور اسد شفیق 19 ویں نمبر پر ہیں، بولنگ میں سعید اجمل چوتھے اور عبدالرحمان 13 ویں پوزیشن پر رہے،کمزور حریف کیخلاف اچھی کارکردگی رینکنگ میں بہتری کا موجب بن سکتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.