ٹنڈولکر کیلیے منعقدہ تقریب میں شعیب اور وقار شریک

سچن ٹنڈولکر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے ممبئی میں سجائی گئی تقریب ’ سلام سچن ‘ میں سابق پاکستانی کرکٹرز اور انٹرنیشنل اسٹارز کے علاوہ فلمی ستارے یکجا ہوگئے جنھوں نے ماسٹر بیٹسمین ان کے شاندار کیریئر کے اختتام پر بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں دیگر کے علاوہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولرز وقار یونس، شعیب اختر اور سابق بیٹسمین و موجودہ ٹی وی کمنٹیٹر رمیز راجہ کے علاوہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی، رمیز راجہ نے ٹنڈولکر کو سابق ویسٹ انڈین بیٹسمینوں سر ویوین رچرڈز اور برائن لارا کے ہم پلہ قرار دیا، اس موقع پر شعیب اختر نے کہا کہ جب میں 1999 میں بھارت کے دورے پر آیا تو ٹنڈولکر کی بابت زیادہ کچھ نہیں جانتا تھا، تاہم مجھے کولکتہ میں ان کیخلاف کھیلنے کا موقع مل گیا، اس میچ میں جب سچن بیٹنگ کیلیے آئے تو مجھے قطعی اندازہ نہیں تھا کہ وہ بڑے اسٹار ہیں، میں نے راہول ڈریوڈ کو ٹھکانے لگانے کے بعد سوچا کہ میں ٹنڈولکر کو بھی قابو کرلوں گا، میں نے انھیں سوئنگنگ یارکر گیند کرنے کا پلان بنایا۔وسیم اکرم نے مجھے بتایا کہ اگر یہ وکٹ پر موجود رہتے تو ہمارے لیے مشکل ہوگی اور اگر یہ پہلی ہی گیند پر آئوٹ ہوگیا تو پھر تم لوگوں کا ردعمل دیکھنا، ٹنڈولکر میری اگلی ہی گیند پر بولڈ ہوگیا، جب مجھے عوامی ردعمل دیکھ کر اندازہ ہوا کہ سچن صرف بیٹسمین نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک ادارہ ہے، واضح رہے کہ اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شعیب نے ڈریوڈ کے بعد ٹنڈولکر کو صفر کی خفت سے دوچار کیا تھا، یہ مقابلہ پاکستان نے 46رنز سے جیت لیا تھا، وقار یونس نے کہا کہ ہم نے ساتھ کرکٹ شروع کی، لیکن وہ میرے کرکٹ چھوڑنے کے دس برس بعد تک کھیلتا رہا، حالانکہ اب میرے لیے کمنٹری سے ریٹائرمنٹ لینے کا بھی وقت آگیا ہے۔ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ سلیبریٹی بننا بہت مشکل ہوتا ہے، سچن نے گذشتہ 24 برسوں میں صرف ایک تنازع کا سامنا کیا جو میری دانست میں حیرت انگیز بات ہے، ٹنڈولکر نے دیگر کیلیے مثال قائم کردی ہے، وہ ایک آئیڈیل ایمبیسڈر ہیں، تقریب میں دیگر کے علاوہ سابق کرکٹر لارا، گاوسکر، اظہر الدین، گمبھیر اور فلمی شخصیات فرح خان، ابھیشک بچن نے بطور خاص شرکت کی۔

تبصرے بند ہیں.