ٹنڈولکر کا ریکارڈ ٹیسٹ؛ ویسٹ انڈیز بھارتی اسپن جال میں پھنس گیا

سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ 200 ویں ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز بھارتی اسپن جال میں پھنس گیا، ٹاس ہارنے والی مہمان ٹیم پہلی باری میں 182 تک محدود ہوگئی۔ دھونی الیون نے پہلے دن کے اختتام پر جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر 157 رنز جوڑلیے، کیریبیئن سائیڈ کی برتری اب محض25رنز رہ گئی، بھارتی ٹیم نے تین کیچز ڈراپ بھی کیے لیکن اس کے باوجود دن کے دوسرے سیشن میں آٹھ وکٹیں لیکر حریف کی بساط لپیٹ دی، جس میں 7 شکار بھارتی اسپنرز پراگیان اوجھا اور روی چندرن ایشون نے کیے، اوجھا نے 5 جبکہ ایشون نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، میچ کے پہلے دن شائقین کی خواہش برآگئی اور ٹنڈولکر بیٹنگ کیلیے میدان میں آگئے، وہ ابھی 38 پر ناٹ آؤٹ ہیں، ان کے ساتھ وکٹ کے دوسرے اینڈ پر موجود چیتشور پجارا نے 34 رنز اپنے نام درج کرائے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا ابتدائی دن بھارتی کپتان دھونی کیلیے خوش قسمت رہا، ٹاس جیتنے کے بعد ان کی جانب سے بولنگ کا فیصلہ بھی درست ثابت ہوا، اگرچہ ابتدائی سیشن میں بھارتی اسپنرز کو وکٹ سے خاص مدد نہیں ملی تاہم دوسرے سیشن میں میزبان سلو بولرز حریف بیٹسمینوں پر مکمل طورپر حاوی دکھائی دیے، مہمان ٹیم 55.2 اوورز کے کھیل میں 182 پر آؤٹ ہوگئی، وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ابتدائی دن ریکارڈ 200واں ٹیسٹ کھیلنے والے ٹنڈولکر کی باتوں کاغلبہ رہا، اوجھا نے شینن گیبرئیل کو دھونی کی مدد سے آؤٹ کرکے اپنے کیریئر میں چھٹی مرتبہ پانچ شکار کرنے کا کارنامہ انجام دیا، ویسٹ انڈیز نے لنچ سے قبل دو وکٹ کے نقصان پر93 رنز بنائے تھے۔

تبصرے بند ہیں.