ون ڈے رینکنگ: بھارت کی ٹاپ پوزیشن داؤ پر لگ گئی

آسٹریلیا کیخلاف اتوار سے پونے میں شروع ہونے والی سیریز میں بھارت کی ون ڈے ٹاپ پوزیشن داؤ پر لگ گئی۔ اسے رینکنگ میں تنزلی سے بچنے کیلیے کم از کم2میچز جیتنا ہونگے ،کینگروز7 میچز کی سیریز6-1 سے جیتنے پر دنیائے کرکٹ میں دوبارہ اپنی بادشاہت قائم کرسکتے ہیں، اس مرتبے پرٹیم آخری مرتبہ جولائی 2012 میں فائز رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف جوابی ایشز سے قبل آسٹریلوی ٹیم بھارت میں محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کیلیے موجود ہے، بھارت ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل 123 رینکنگ پوائنٹس کیساتھ نمبرون جبکہ آسٹریلیا 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، بھارت کو اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے ہوم سیریز میں کم از کم2 میچز جیتنا ہونگے، کینگروز6-1 سے کامیابی پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں۔بولنگ رینکنگ میں بھارتی اسپنر رویندرا جڈیجا سردست ویسٹ انڈین سلو بولر سنیل نارائن کیساتھ ٹاپ پوزیشن میں شریک بنے ہوئے ہیں، کینگروز کیخلاف عمدہ پرفارمنس پر وہ تن تنہا نمبرون پوزیشن کا مزہ چکھ سکتے ہیں، پاکستانی اسپنر سعید اجمل بدستور ون ڈے کے تیسرے بہترین بولر بنے ہوئے ہیں، آسٹریلیا کے پیسر کلنٹ میک کے اور مچل جونسن ٹاپ ٹین میں شامل ہیں، ان کی پوزیشنز بالترتیب 7 اور 8 ہے، بیٹنگ رینکنگ میں بھارتی اسٹار کوہلی کی موجودہ پوزیشن 4 ہے، دھونی 7ویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ حریف کیمپ کے جورج بیلی9 اور واٹسن 10ویں نمبر پر موجود ہیں،ہاشم آملا کا ٹاپ پوزیشن پر قبضہ قائم رہا، ابراہم ڈی ویلیئرز دوسرے اور سنگاکارا تیسرے نمبر پر ہیں، پاکستانی کپتان مصباح 8ویں پوزیشن کیساتھ ٹاپ ٹین میں وجود قائم رکھے ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.