دبئی:
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی اوپنر فخرزمان پہلی بار ٹاپ 20 میں شامل ہوگئے، 8 درجے بہتری نے 16ویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا۔
گزشتہ روز جاری ہونے والی نئی ون ڈے رینکنگ میں پاک، زمبابوے سیریز کی پرفارمنس کو بھی مدنظر رکھاگیا، قومی اوپنر نے افریقی ملک کیخلاف پانچ میچز کی سیریز میں 515رنز بناکر اپنی اہمیت منوالی تھی،اس میں گرین شرٹس کیلیے پہلی ڈبل سنچری کا کارنامہ بھی شامل رہا، اس کاوش پر فخر نے ایک ہی جست میں 8 درجے کی چھلانگ لگاکر16ویں پوزیشن لے لی، اس سے قبل زمبابوے سے سیریز کے تین ابتدائی میچز کی تکمیل پر 17 جولائی کو جاری ہونے رینکنگ میں فخر 24ویں نمبر پر تھے۔
تبصرے بند ہیں.