ومبلڈن ٹینس، اعصام کو ڈبلز میں پانچویں سیڈنگ مل گئی

لندن: سیزن کے تیسرے ٹینس گرینڈ سلم ومبلڈن کی سیڈنگ کا اعلان کردیاگیا، چیمپئن شپ کا127واں ایڈیشن 24 جون سے7 جولائی تک کھیلا جائیگا۔ مینز ڈبلز پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین روزے کو5 سیڈ دی گئی ہے، مینز سنگلز میں رافیل نڈال بھی پانچ سیڈ پانے میں کامیاب ہوئے ،12 گرینڈ سلم ٹرافیز اپنے نام رکھنے والے اسپینش اسٹار نے گذشتہ دنوں پیرس میں ریکارڈ آٹھویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتا تھا، ہموطن ڈیوڈ فیرر چوتھے سیڈ قرار پائے، ورلڈ نمبرون نووک جوکووک، اینڈی مرے اور دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر ٹاپ تھری سیڈڈ پلیئرز بنے، فیررگذشتہ برس کوارٹر فائنل تک رسائی میں سرخرو رہے تھے، انھوں نے ہرٹوگین بوش گراس کورٹ ایونٹ جیت کر ومبلڈن کیلیے اپنی تیاریوں کو جانچ بھی لیا۔ ڈراز کے مطابق نڈال کو کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے سفر میں 2011 کے چیمپئن جوکووک، 7مرتبہ کے فاتح فیڈرر یا اینڈی مرے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، مرے نے اس حوالے سے کہا کہ اگر کوئی مجھے پیشکش کرے تو میں کوارٹر فائنل رافیل نڈال کے ساتھ کھیلنا پسند کروں گا،اگر میں یہ مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہا تو پھر سیمی فائنل کچھ زیادہ مشکل ثابت نہیں ہوگا، اگر آپ بڑے ٹورنامنٹس جیتنا چاہتے ہو تو پھر دنیا کے بہترین پلیئرز کو شکست دینی چاہیے،اس میں یہ بات زیادہ اہم نہیں رہتی کہ وہ ڈرا میں کہاں موجود ہیں۔واضح رہے کہ مینز سنگلز سیڈنگ میں نووک جوکووک پہلے، اینڈی مرے دوسرے، راجرفیڈرر تیسرے، ڈیوڈ فیرر چوتھے اور رافیل نڈال پانچویں نمبر پر ہیں، فرانس کے جوئے ولفریڈ سونگا کو چھٹی، ٹوماس بریڈیچ ساتویں، ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو آٹھویں، رچرڈ گیسکوئٹ نویں اور کروشین پلیئر مارن کلک کو 10ویں سیڈ دی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.