وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی کی برطرفی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آ باد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی برطرفی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار شاہد اوركزئی كی جانب سے دائر كی گئی، درخواست ميں مؤقف اختيار كيا گیا ہے كہ وزارت داخلہ دہشت گردی كے ملزموں اور مجرموں كی اجتماعی رہائی كے ليے كوائف جمع كر رہی ہے، اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ابراہیم پراچہ نے اڈیالہ جیل کے 50 قیدیوں سے 5 گھنٹے تک مذاکرات کئے، جبکہ آئین کے تحت صدر مملکت کو بھی اجتماعی معافی کا کوئی اختیار نہیں، درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات پر حکم امتناعی جاری کرے اور وزارت داخلہ سے قیدیوں کی رہائی کے لیے صدر کو بھجوائے جانے والی سمری کے بارے میں پوچھا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر داخلہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ سابق ایم این اے جاوید پراچہ بنوں جیل پر حملے کا ماسٹرمائنڈ ہے، جاوید پراچہ کو خظرناک قیدیوں تک رسائی دینا ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے، درخواست گزار نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، لیکن اس حوالے سے وزیر داخلہ کی کارکرگی مایوس کن ہے، اس لیے عدالت وزیر داخلہ چوہدری نثار کو برطرف کرنے کے لیے حکم جاری کرے، درخواست میں وزیر داخلہ،وزارت داخلہ اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.