وزیراعظم کی اپیل پر کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ‘کشمیر آور’

وزیراعظم کی اپیل پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ‘کشمیر آور’ آج منایا جائے گا، قومی ترانے کیساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ کشمیری عوام سے یوم یکجہتی کے حوالے سے جاری پروگرام کے مطابق یکجہتی آور 12 سے ساڑھے 12 بجے تک جاری رہے گا، جس کے آغاز پر ملک بھر میں سائرن بجائے جائیں گے، پاکستان اور کشمیر کا ترانہ بجایا جائے گا، 12 بجتے ہی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل آدھے گھنٹے کے لئے سرخ ہو جائیں گے، ٹریفک 5 منٹ کے لئے رک جائے گی، ٹرینیں ایک منٹ کے لئے کھڑی ہو جائیں گی۔اسلام آباد کے ڈی چوک میں شاہراہ دستور پر واقع دفاتر کے ملازمین اور تحریک انصاف کے رہنما جمع ہوں گے، جہاں مرکزی اجتماع ہوگا، وزیراعظم شاہراہ دستور پر  کشمیر بنے گا پاکستان  کے نعروں کی گونج میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرینگے، وزرا اعلٰی ارکان اسمبلی کے ہمراہ اپنے دفاتر کے سامنے جمع ہونے والوں کی قیادت کریں گے جبکہ ملک بھر میں عوام اپنے مقام کار، دفاتر ، گھروں، مارکیٹوں، شاپنگ پلازوں سے باہر آ کر قریبی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہوں گے۔ریلوے سٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اجتماعات کا اہتمام کیا جائے گا ،جن سے متعلقہ وزرا اور اہم شخصیات خطاب کریں گی، جمعہ کی نماز کے بعد مظلوم کشمیریوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، 2 بجے سے شام 5 بجے تک ملک بھر میں عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی، جن کے شرکا پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھامے ہوئے ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.