وزیراعظم کا شاہ بحرین سے رابطہ، کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

وزیراعظم عمران خان نے بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انھیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔وزیراعظم نے شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری بھارت کو غیر ذمہ دارانہ اقدام کرنے سے روکنے میں کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔ بھارت کے کسی یکطرفہ فیصلے سے کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔بحرین کے شاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بحرین مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ امید ہے تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.