وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، بہتر اقدامات پر انتظامیہ کی تعریف

ٹانک:سیلاب متاثرین کی داد رسی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف ایکٹو، خیبرپختونخوا کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، ٹانک کے علاقے پائی میں نقصانات، امداد اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کو ٹانک میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کاموں سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی رقم بڑھا کر 10لاکھ روپے کرنے کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے، خیبرپختونخوا انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کے کاموں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم نے تعریف بھی کی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ سیلاب متاثرین کے لیے اچھا کام کر رہے ہیں، شعبہ صحت میں بھی خیبرپختونخوا حکومت اچھا کام کر رہی ہے، انسان چلا جاتا ہے لیکن کام سے یاد رہتا ہے، ہمیں لگن سے کام کرنا چاہیے، خلق خدا کی خدمت کر کے آگے بڑھنا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے انتظامیہ خیبرپختونخوا کا پشتو میں شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کو بارشوں اور سیلاب سے فصلیں تباہ ہوئیں اور گھر وں کو نقصان پہنچا ،بارشوں اور سیلاب سے خیبرپختونخوا میں لائیواسٹاک کو بھی نقصان پہنچا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے ، آرمی اور مقامی افراد امدادی کاموں میں سرگرم ہیں۔متاثرین میں کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے، 3 میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں، پانی سےپیدا ہونےوالی بیماریوں کیلئے ادویات فراہم کی گئی ہیں، پاک فوج، ایف سی، پولیس، ریسکیو 1122 نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔بجلی، سڑکوں کی بحالی، صاف پانی کی فراہمی کےانتظامات پر بھی وزیراعظم کوبریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے پاس 16 ہزار ایکڑ اراضی قابل کاشت ہے، ٹانک میں ڈیم بنا کر پانی کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.