ورلڈ کپ 2015؛ آئندہ برس 14 فروری سے ٹکٹ عوام کو ملیں گے

ورلڈ کپ 2015 میں عام شائقین کو آئندہ برس 14 فروری سے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی جائے گی، تاہم اس کیلیے پہلے انھیں آن لائن رجسٹریشن کرانا ہوگی، منتظمین نے فیملیز کیلیے ٹکٹوں کے نرخ کم کردیے۔ دو برس بعد مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ میں اب چھوٹے بچوں کیلیے ٹکٹ کی شرح قیمت 5 آسٹریلین ڈالر ہوگی، جبکہ بڑوں کو ٹکٹ کیلیے 20 ڈالر ادا کرنا ہوں گے، منتظمین کے ان اقدامات کا مقصد ورلڈ کپ کے دوران ایک ملین سے زائد شائقین کے اسٹیڈیمز تک آنے کی راہ ہموار کرنا ہے، تاہم میلبورن میں بچوں کیلیے ٹکٹ کی قیمت دیگر سینٹرز کے مقابلے میں زیادہ یعنی 60 ڈالر ہوگی، جہاں پر بڑوں کے لیے شرح ٹکٹ 395 ڈالر رکھی گئی ہے۔کرکٹ ورلڈ کپ چیف ایگزیکٹیو جون ہارڈین نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ورلڈ کپ میچز دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم کا رخ کریں، دیگر اسپورٹس کی طرح کرکٹ ایک فیملی گیم ہے، منتظمین کو امید ہے کہ ورلڈ کپ کے 14 شہروں میں پول کے 42 میچز میں فیملیز کی آمد سے مقابلوں میں میلے کا سماں پیدا ہوجائیگا، اگر میزبان ٹیموں نے اچھی پرفارمنس دی تو یہ ہمارے لیے اور بھی شاندار ہوجائیگا، انھوں نے مزید بتایا کہ عام شائقین کو ٹکٹوں کی فروخت آئندہ برس 14 فروری سے شروع کردی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.