ورلڈکپ تک ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ تک ٹیم منیجمنٹ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے پی ایچ ایف کی آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس میں کیا گیا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں صدر پی ایچ ایف قاسم ضیا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری آصف باجوہ ، قومی سینئر ہاکی ٹیم کے مینجر اختر رسول اور قومی جونیئر ٹیم کے مینجر رانا مجاہد علی شریک ہوئے۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کی پرفارمنس اور دیگر اہم امور کے بارے میں لائحہ عمل تیار کیا گیا اور ورلڈ ہاکی لیگ میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوہ نے بتایا کہ قومی سینئر ہاکی ٹیم کے مینجر اختر رسول نے ٹیم کے کیمپ کے حوالے سے اور جونیئر ہاکی ٹیم کے مینجر رانا مجاہد نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے دورہ یورپ پر اپنی رپورٹ پی ایچ ایف کو پیش کردی ہے۔اجلاس میں دونوں مینجرز کی رپورٹ پر غور کیا گیا اور ٹیموں کی پرفارمنس میں بہتری اور مستقبل کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا ۔رپورٹ کی روشنی میں ورلڈ ہاکی لیگ کے لیے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ کراچی میں شروع ہونے والے کیمپ میں جونیئر کھلاڑیوں کی شمولیت کے بارے میں بھی غو ر کیا گیا۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ میں ورلڈ کپ تک کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ۔مینجمنٹ کو پی ایچ ایف کی طویل المدت پالیسی کے تحت ورلڈ کپ تک برقرار رکھا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف پہلے بھی پی ایچ ایف کو سپورٹ کرتے رہے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی فیڈریشن کو ان کا تعاون جاری رہے گا۔

تبصرے بند ہیں.