واحد ون ڈے:مورگن اوربوپارا نے انگلینڈ کو شکست سے بچا لیا

ڈبلن: انگلینڈ نے واحد ون ڈے میں آئرلینڈ کو 6وکٹ سے مات دیدی، مہمان ٹیم نے 270 کا ہدف 43 اوورز میں چار وکٹ پرحاصل کرلیا۔ ایون مورگن نے وننگ چھکا لگایا، وہ 124 پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز 8 چوکوں اور 4 سکسر سے مزین رہی، روی بوپارا نے بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 75 گیندوں پر 101رنز بٹورے، انھوں نے 10 مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر کی سیر کرائی جبکہ پانچ بلند وبالا اسٹروکس بھی اننگز کا حصہ رہے، دونوں کی عمدہ بیٹنگ نے شکست کا خطرہ ٹالا، ایک موقع پر 48 پر 4وکٹیں گر چکی تھیں،دونوں بیٹسمینوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 226 رنز کی ریکارڈ شراکت نے آئرش بولرز کی ابتدائی کامیابیوں کو دھندلادیا۔اس سے قبل میزبان سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 7وکٹ گنواکر269 کا مجموعہ ترتیب دیا، کپتان ولیم پورٹر فیلڈ نے ایک اینڈ سنبھالتے ہوئے 112 کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جون مونی27 اور نیل اوبرائن کے 26رنز بھی اہم رہے، انگلش بولرز نے 32رنز ایکسٹراز کی صورت تحفے میں دیے، اس میں 10 وائیڈز، 13 لیگ بائیز، 3 نوبال اور 6 بائی کے رنز شامل تھے، بوائیڈ رینکن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے بند ہیں.