نیٹوسپلائی کےخلاف دھرنے میں تحریک انصاف کے وزراشریک نہیں ہونگے

تحریک انصاف کے 20 نومبر کو پشاور میں نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنے میں وزیر اعلیٰ پختونخوا، صوبائی وزرا اور دیگر حکومتی عہدیدار شریک نہیں ہوں گے، دھرنے سے صوبائی حکومت الگ تھلگ رہے گی، تمام انتظامات پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی تنظیم کے ذمے ہوں گے۔ جمعرات کو پی ٹی آئی کے ذمے دار ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے سربراہ عمران خان نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پشاور میں نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنے سے الگ تھلک رہے، کوئی صوبائی وزیر یا حکومتی عہدیدار دھرنے میں شرکت نہ کرے، جس کے بعد دھرنے کے تمام انتظامات صوبائی حکومت کی بجائے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی تنظیم کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اب دھرنے میں صرف پارٹی کے عہدیدار، ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی شرکت کریں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لاہور، کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر شہروں سے بھی کارکنوں کو پشاور دھرنے میں لے جانے کے لیے بڑی پیمانے پر ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ قبائلی علاقوں اورآئی ڈی پیز کیمپوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگوں کو پشاور دھرنے میں لانے کے انتظامات کیے گئے۔

تبصرے بند ہیں.