کراچی: نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنے مرکزی دفتر میں واقع مرکزی برانچ سے کوربینکنگ اپلیکیشن کا آغاز کردیا ہے جسکے دائرہ کارکومرحلہ وار نیشنل بینک کی دیگر برانچوں تک توسیع دی جائے گی۔ منصوبے کے تحت آئندہ چار ماہ میں 250 برانچزمیں صارفین کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی، اس جدید سہولت کی فراہمی کے بعد بینک کی ترجیح توانائی اور زراعت کے شعبہ جات کو زیادہ سے زیادہ مالی معاونت کی فراہمی ہے، ملک میں توانائی کے بحران کومدنظر رکھتے ہوئے بینک کی اولین ترجیح توانائی کے شعبوں میں فنانسنگ ہے، فی الوقت ملک میں اب تک سے بجلی پیدا کرنے کے کل 10 منصوبے شروع کیے گئے ہیں جس میں سے7 منصوبوں کی فنانسنگ نیشنل بینک نے کی ہے، توانائی کے مذکورہ 7 منصوبوں میں سے 5 منصوبے پیداواری عمل کا باقاعدہ آغازبھی کرچکے ہیں، توانائی کے شعبے میں نیشنل بینک کی جانب سے اب تک 125 ارب روپے مالیت کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے جبکہ الطوارقی اسٹیل ملز بھی نیشنل بینک کی خطیرسرمایہ کاری میں شامل ہے۔ الطوارقی اسٹیل میں نیشنل بینک نے10 ارب روپے مالیت کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس منصوبے نے اپنی پیداواری سرگرمیاں شروع کردی ہیں، منصوبے سے نہ صرف مقامی اسٹیل کی ضروریات پوری ہوسکیں گی بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت اوربیرونی دنیا میں پاکستان کے حوالے سے ایک مثبت تاثر قائم ہوا ہے۔ واضح رہے کہ نیشنل بینک اس سے قبل اپنی تمام برانچوں کو آن لائن کرنے کے منصوبے پر کامیابی کے ساتھ عمل کرچکا ہے، اس وقت نیشنل بینک کی تمام تیرہ سو برانچیں آن لائن نیٹ ورک کے ساتھ ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور نیشنل بینک کو پاکستان کے سب سے بڑے نیٹ ورک کے ساتھ سو فیصد برانچوں کو آن لائن منسلک رکھنے کا اعزاز بھی حاصل ہے
تبصرے بند ہیں.