نگران حکومت کی جانب سے کئے تمام تقرر و تبادلے معطل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے کئے گئے تمام تقرر و تبادلے معطل کردئے،روزمرہ امور اور الیکشن کمیشن کی اجازت سے کی گئی تقرریاں مستثنیٰ ہوں گی، متاثرہ افسران کو سننے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے نگران حکومت کی جانب سے کی گئی تقرریوں کے خلاف مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف کی ذاتی حیثیت میں دی گئی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا مینڈیٹ انتخابات کرانا تھا اسے تقرر و تبادلوں کا اختیار نہیں تھا، لہٰذا اس کی جانب سے کی گئی تقرریوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے ان کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے نگران حکومت کی جانب سے کئے گئے تمام تقرر و تبادلے معطل کردیئے، تاہم روزمرہ امور اور الیکشن کمیشن کی اجازت سے کی گئی تقرریاں مستثنیٰ ہوں گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ متاثرہ افسران کو سننے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کیا جائے گا، جس کا اطلاق نئی حکومت پر بھی ہوگا اور آنے والی حکومت کو بھی اعلیٰ ترین شفافیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ عدالت نے درخواست پر نگران حکومت سے جواب طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت چار جون تک ملتوی کردی ہے۔

تبصرے بند ہیں.