مانچسٹر (سپو ر ٹس ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 19 سالہ نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا نام نیا ضرور ہے مگر حیران کن نہیں۔دونوں ٹیموں کے مابین 28 اگست سے شروع ونے والی سیریزکے تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔رواں سال جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حیدر علی کی ایونٹ میں دلکش بیٹنگ نے کرکٹ پنڈتوں کی نظریں اپنی جانب مبذول کروائیں، پھر ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے فائنل میں سنچری سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شاندار بلے بازی نے حیدر علی کو قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کا مضبوط امیدوار بنادیا تھا۔نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شمولیت ان کے خوابوں کی تعبیر ہے، ہر نوجوان کرکٹر یہ دن دیکھنے کے لیے ہی اپنی کرکٹ کا آغاز کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محدود طرز کی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے ان کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم کا تبادلہ کرنیوالے یہ لمحات ہمیشہ ان کی یاداشت کا حصہ رہیں گے۔دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی کے بعد انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں میں غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی مگر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنا ایک یکسر الگ تجربہ ہے۔دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان بھی حید رعلی کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ حیدر علی میں سیکھنے کا جذبہ ہے اور وہ اتنے باصلاحیت کرکٹر کو نیٹ میں پریکٹس کرتا دیکھ کربہت خوش ہوتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.