نوجوانوں کو کاروبار کیلیے 20 لاکھ روپے تک قرض دینگے، اسحاق ڈار
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے خود روزگار اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت نوجوانوں کو 1 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دیے جائیں گے۔ ملکی معیشت کی بحالی کی حکمت عملی کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے کردار کو بڑھایا جائے گا۔ وہ یو ایس ایڈ کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے ڈائریکٹر گریگوری سی گوٹلیب کی قیادت میں جمعہ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق بجٹ 2013-14 میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے نئے پروگرام دیے ہیں، نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 8 فیصد مارک اپ کے ساتھ قرضے دیے جائیں گے جبکہ مارک اپ کی بقایا رقم کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی، اس کے علاوہ 2 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دور حکومت میں سرمایہ کاری بورڈ اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی جیسے ادارے قائم کیے گئے جس کا مقصد ملک میں کاروبار کی حوصلہ افزائی اور اس کی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے، موجودہ حکومت سرمایہ کاری بورڈ کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولتیں میسر آسکیں، اس طرح حکومت سمیڈا کو فعال بنانا چاہتی ہے تاکہ نجی شعبہ اس سے استفادہ کرتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ اور سمیڈا جیسے اداروںکا ملک کی اقتصادی بحالی کے لیے حکومتی حکمت عملی میں اہم کردار ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ یو ایس ایڈ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے، سرمایہ کاری بورڈ اور سمیڈا کی استعداد کار بڑھانے کے لیے فنی و ٹیکنالوجیکل مدد فراہم کی جائے گی تاکہ یہ ادارے اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ ملاقات میں وزارت خزانہ، اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت صنعت و پیداوار کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
تبصرے بند ہیں.