لاہور( کامرس ڈیسک)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے حکومت پر زور دیاہے کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے باضابطہ قومی پالیسی مرتب کی جائے ،نوجوانوںپر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے سرمایہ کاری کی جائے اورآنے والے چند سالوں میں یہی سرمایہ کاری ہماری معیشت کو تقویت دینے کا باعث بنے گی ،پنجاب حکومت کی جانب سے روزگار کے فروغ کیلئے30ارب کے قرضوں کی سکیم میں یونیورسٹیوں کے گریجو ایٹس اور ہنر مندوں کو شامل کرنا خوس آئند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ ہمارے نوجوان بڑے با صلاحیت ہیں صرف انہیں سمت دکھانے کی ضرورت ہے ۔ ہر دور حکومت میں نوجوانوں کو ملک کا مستقبل تو قرار دیا گیالیکن کسی نے بھی ان کیلئے قومی پالیسی مرتب نہیں کی جس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں نوجوانوں کو سمت دکھانے کیلئے چین ، جنوبی کوریا اورجاپان کی پالیسیوں کو سٹڈی کرنا ہوگا اور اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اسی طرز پر پالیسی بنائی جائے ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سیکھنے والے نوجوانوں کو انوویشن کی جانب راغب کیا جارہا ہے کیونکہ مستقبل اسی کا ہے ، ہمیں روایتی ہنر سیکھنے کی بجائے جدید ہنر سیکھنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ سکلڈ لیبر فورس برآمد ہو سکے جس سے ہماری بیرونی ترسیلات بھی بڑھیں گی ۔
تبصرے بند ہیں.