سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وطن واپس آنے کے بعد قوم کی مایوسیاں ختم ہو گئی ہیں۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی راہنماؤں کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئی ہیں ، چترال سے پارٹی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین کی ملاقات ہوئی ۔ شہباز شریف نے شہزادہ افتخار الدین کے والد شہزادہ محی الدین مرحوم کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا ، شہزادہ افتخار الدین نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قائد نواز شریف کی بریت پر مبارک دی ۔حماد نواز ٹیپو، راولپنڈی ڈویژن کے پارٹی صدر ملک ابرار، نائب صدر شاہ محمد شاہ،ملک رشید، ملک احمد خان اور ملک علی احمد کی بھی پارٹی صدر شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پارٹی کے امور اور انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا، راہنماؤں نے اپنے حلقوں میں جاری انتخابی تیاریوں پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا ۔اس موقع پر سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قوم کی امیدوں اور توقعات پر ہمیشہ کی طرح پورا اترے گی، نواز شریف کے وطن واپس آنے کے بعد قوم کی مایوسیاں ختم ہو گئی ہیں، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) قوم کو امن، ترقی اور معاشی خوشحالی دے گی، ان شاءاللہ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں10 سال کی حکومت نے عوام کو کچھ نہ دیا، عوام کے وسائل کو صرف بے دردی سے لوٹا گیا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم کو متحد ہو کر پوری یکسوئی اور عزم سے کام کرنا ہوگا، نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی، معاشی بدحالی، بے روزگاری، مہنگائی سب کا خاتمے کریں گے ۔ملاقات میں رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
تبصرے بند ہیں.