نواز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف دو سو چوالیس ووٹ لے کر پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے باقاعدہ اعلان کر دیا۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب اراکین اسمبلی کی تقسیم کے ذریعے کیا گیا۔ وزارت عظمیٰ کے لئے مسلم لیگ ن کے نواز شریف، پیپلز پارٹی کے مخدوم امین فہیم اور تحریک انصاف کے مخدوم جاوید ہاشمی مدمقابل تھے۔ نواز شریف کو ووٹ دینے والے اراکین کے لئے قومی اسمبلی کی لابی اے بنائی گئی، مخدوم امین فہیم کو سپورٹ کرنے والوں کے لئے لابی بی جبکہ جاوید ہاشمی کے حمایتیوں کے لئے لابی سی مختص کی گئی تھی۔ قائد ایوان کے لئے تین سو بیالیس رکنی ایوان میں سے ایک سو باہتر ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے، آج مزید چار ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد تین سو بیس ہو گئی ہے، تین سو بیالیس کے ایوان میں سے بائیس نشستیں خالی ہیں۔ نواز شریف کے لئے مختص لابی میں ایک سو باہتر سے زائد ارکان ہونے کے باعث انہیں ملک کا ستائیسواں وزیراعظم منتخب کرلیا گیا ہے۔ جس کا باقاعدہ اعلان اسپیکر قومی اسمبلی نے کیا۔

تبصرے بند ہیں.