نواز شریف اور فوج کے ستارے آپس میں نہیں ملتے، شیخ رشید

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف اور فوج کے ستارے آپس میں نہیں ملتے، نوازشریف اپنی حیثیت سے بڑھ کر کام نہ کریں، یہ اتنے بہادر نہیں ہیں، فوج نے تو فارمیشن کمانڈرز کے اجلاس میں کہہ دیا ہے کہ وہ فوج کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ رایل نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان اسد اللہ خان سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہاکہ آرٹیکل 6 حکومت کی غلطی ہے، فوج نے کوشش کی ہوگی کہ مشرف پاکستان نہ آئیں اور پھر یہ بھی کوشش ہوئی ہوگی کہ اگر وہ آگئے ہیں تو کسی طرح سے نکل جائیں لیکن ایسا ہونہ سکا کوئی تیسری طاقت ہے جو بیچ میں موجود ہے، اگر آرٹیکل 6 لگانا ہے تو پھر 1956 سے شروع کریں، موجودہ سارے سیاستدان مارشل لاء سے ٹپکے ہوئے آم ہیں، ایسا لگتا ہے کہ اشفاق کیانی مشرف کے حوالے سے یہ سب کچھ جانتے تھے انہوں نے کوئی راستہ تلاش کرکے رکھا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے نوازشریف کو مخلصانہ مشورہ دیا تھا کہ وہ ابتدائی 6 ماہ مسائل کے حل پر توجہ دیں لیکن وہ مجھے آج بھی بدلے ہوئے نہیں لگ رہے، زرداری نے سپریم کورٹ کے ساتھ تاریخی مذاق کیا ہے، میں پہلے ہی کہتا تھا کہ سوئس اکاوئنٹ سے کچھ نہیں ملے گا لیکن انہوں نے کروڑوں روپے لگادیے وہ بہت تیز آدمی ہے اس نے پیپلزپارٹی کو اپنی پارٹی بنالیا ہے، آج بلاول کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا ٹریک ریکارڈ بتاتا ہے کہ ان کی حکومت 5 سال پورے نہیں کرتی لیکن کوئی معجزہ ہوجائے تو کچھ کہہ نہیں سکتا۔

تبصرے بند ہیں.