نجی ٹورنامنٹس کا توڑ، رمضان کرکٹ کا میلہ بورڈ خود سجائے گا

کراچی: پی سی بی نے نجی ٹورنامنٹس میں پلیئرز کی شرکت روکنے کیلیے خودکراچی میں رمضان کرکٹ کا میلہ سجانے کا فیصلہ کر لیا،6 سے 25 جولائی تک شیڈول رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر فلڈ لائٹس میں رکھے گئے ہیں۔ ایونٹ میں شریک 10ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کر دیا گیا،دورئہ ویسٹ انڈیز کے سبب اسٹار کرکٹرز حصہ نہیں لے سکیں گے، البتہ چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن کھیل کے بعد ڈراپ ہونے والوں کو پرفارم کرنے کا موقع مل سکے گا۔ دوسری جانب ڈپارٹمنٹل ٹیمیں اچانک سامنے آنے والے اس ایونٹ سے سخت ناخوش ہیں، ان کے مطابق بیشتر کھلاڑی ان دنوں ملک میں موجود نہیں، ہم کسے کھلائیں؟ ادھر کراچی کے خراب حالات کی وجہ سے ابھی سے ٹورنامنٹ کو منتقل کرنے کی باتیں بھی سامنے آنے لگیں،دریں اثنا بورڈ نے نجی ایونٹس کرانے والے اچھی ساکھ کے حامل آرگنائزرز کو مشروط اجازت دے دی، البتہ وہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شریک ہونے والی ٹیموں کو شامل نہیں کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق رمضان میں ہونے والے بعض ٹورنامنٹس میں مبینہ طور پر سٹے بازی کی اطلاعات سامنے آنے پر پی سی بی نے ان کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ کر لیا،گذشتہ برس سے این او سی کا طریقہ کار سخت بنا دیا گیا جس کی وجہ سے آرگنائزرز کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا، اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کا مکمل توڑ کرتے ہوئے اپنا ہی ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ کرلیا ہے، رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز6 جولائی کو ہو گا جبکہ فیصلہ کن معرکہ25 تاریخ کو شیڈول ہے، تمام میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائیں گے،دورئہ ویسٹ انڈیز کے سبب کئی اسٹار کرکٹرز ایونٹ میں جلوہ گر نہیں ہو سکیں گے، البتہ چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن کھیل کے بعد ڈراپ ہونے والوں کو پرفارم کرنے کا موقع مل سکے گا، رمضان ایونٹ میں10ٹیمیں حصہ لیں گی جنھیں2گروپس میں تقسیم کر دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.