موسم سرما میں صنعتوں کیلیے 2 روز گیس بند ہونیکا امکان

کراچی: رواں موسم سرما کے دوران سندھ بھر میں گیس کی قلت35کروڑ مکعب فیٹ تک رہنے کی توقع ہے جس کے پیش نظر صوبے بھر میں صنعتوں کو ہفتے میں دو روز کیلیے گیس بندش کا امکان ہے۔ یہ بات سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی زہیر صدیقی نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں میڈیا کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ ایس ایس جی سی کے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ رواں موسم سرما کے دوران گیس کی طلب ورسد میں فرق گزشتہ سال کی نسبت بڑھنے کا امکان ہے اور اس سال سردیوں میں گیس کی قلت 300تا 350ایم ایم سی ایف کے درمیان رہنے کی توقع ہے، انہوں نے بتایا کہ گیس کی قلت کے باعث لوڈ مینجمنٹ پلان ترتیب دینا ہوگا اور اس ضمن میں صنعتوں کی ہفتے میں ایک روزہ گیس بندش بڑھ کر دو روز تک ہوسکتی ہے جبکہ فرٹیلائز سیکٹر کو بھی موسم سرما کے دوران گیس فراہمی میں تعطل آسکتا ہے،تاہم سی این جی اسٹیشنز کیلیے ہفتے میں تین روز بند ش کا شیڈول ہی برقرار رکھا جائیگا۔ایم ڈی ایس ایس جی سی نے مزید کہا کہ ہمارے پاس سندھ و بلوچستان کو فراہم کرنے کیلیے گیس دستیاب نہیں ہے تو ایسے میں پنجاب کو گیس فراہمی کی باتیں سراسر بے معنی ہیں،انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل کا تمام تر معاہدہ شفاف طریقے سے طے کیا جائیگا اور اس منصوبے میں ایس ایس جی سی کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہورہا۔زہیر صدیقی نے مزید کہا کہ کے ای ایس سی کے ساتھ واجبات کا معاملہ ہنوز حل طلب ہے،کے ای ایس سی ادائیگیوں کے سلسلے میں شیڈول کی پاسداری نہیں کرتی جس سے ہمیں مالی معاملات چلانے میں مشکل پیش آتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گیس چوری کے خلاف مہم کے موثر نتائج سامنے آرہے ہیں اور یہاں پر آبادی کی آبادیاں چوری کی گیس سے چلائی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کی مدد سے بھی مہم چلائی جارہی ہے،تاہم یہ اس قدر آسان نہیں کیونکہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ شہر کے بعض علاقے ایسے ہیں جہاں اس قسم کی کارروائیاں نہیں کی جاسکتیں۔

تبصرے بند ہیں.