منی لانڈرنگ کیس، 2 اکائونٹنگ فرمز شامل تفتیش، ذوالفقار مرزا لندن پہنچ گئے

کراچی / لندن: برطانوی تحقیقاتی اداروں نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کیخلاف جاری منی لانڈرنگ کیس میں 2 اکاونٹنگ فرمز کو شامل تفتیش کرتے ہوئے 10سال کے حسابات طلب کر لئے۔ دونوں فرمز متحدہ قومی موومنٹ کی مرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور اور طاہر میر کی ہیں۔ دوسری جانب اسکاٹ لینڈ یارڈ اور میٹرو پولیس کے رابطہ کرنے پر سندھ کے سابق وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا لندن پہنچ گئے، وہ آج اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام سے ملاقات کرینگے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذوالفقار مرزا نے 2011ء میں میٹرو پولیس کو کچھ شواہد اور دستاویزات دی تھیں اور اب انکے حوالے سے سوالات کے جواب دینگے۔ ذرائع کے مطابق شامل تفتیش کی جانیوالی دونوں اکائونٹنگ فرمز برطانیہ میں رجسٹرڈ ہیں، دونوں فرمز ایم کیوایم کے مالی معاملات اور خریدی گئی پراپرٹی کی نگرانی کرتی ہیں، دونوں فرمز سے یہ سوالات بھی پوچھے گئے ہیں کہ برطانیہ میں جائیداد کی خریداری کیلئے رقم کس طرح منتقل کی گئی۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر زرداری نے گزشتہ شام ذوالفقار مرزا کو فون کر کے برطانوی پولیس سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے تاہم ذوالفقار مرزا نے ان سے معذرت کرلی ہے، ذوالفقار مرزا ہفتے کو دبئی سے لندن پہنچے ہیں۔ ان کے خاندانی ذرائع نے صدر کے فون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار مرزا نے صدر کا مشورہ ماننے سے معذرت کر لی ہے، وہ نہ صرف برطانوی پولیس سے ملاقاتیں کریں گے بلکہ اس حوالے سے وہ برطانوی پولیس کو جو مدد اور تعاون درکار ہے وہ بھی مہیا کرینگے۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اپنی فیملی کے ہمراہ لندن پہنچے ہیں ۔وہ نجی دورے پر لندن گئے ہیں جہاں وہ دو ہفتے تک قیام کریں گے ۔

تبصرے بند ہیں.