کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ملک اورمعاشرے کے ہرمرض کاعلاج علم کے حصول میں ہے۔ فاتح عالم بننے کیلیے تلوار کا استعمال ضروری نہیں بلکہ علم حاصل کرکے بھی فاتح عالم بناجاسکتاہے،علم خداہے اورخداعلم ہے،جولوگ خداکوحاصل کرناچاہتے ہیں وہ علم حاصل کریں،انسان جتناعلم حاصل کرتاجاتاہے اتناہی خداسے نزدیک ہوتاہے،جہاں علم ہوگاوہاں دور دور نفرت نہیں ہوگی بلکہ صرف اورصرف محبت ہوگی،وہاں فرقہ واریت نہیں ہوگی اورانسان مذہب اورفرقہ واریت کے نام پر انسانوں کا قتل نہیںکرے گا،بدنصیب اورقابل مذمت ہیں وہ لوگ جو لڑکیوں کوتعلیم کے حصول سے روکتے ہیں اوراسلام کے نام پرلڑکیوں کے اسکولوں کو بموں سے اڑاتے ہیں،اگراسلام میں عورتوں کاتعلیم حاصل کرناممنوع ہوتاتوعورتوں پر قرآن کا پڑھنا حرام قراردیدیا جاتا۔ آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے 35ویں یوم تاسیس کے موقع پرلال قلعہ گراؤنڈعزیزآبادمیں منعقدہ اجتماع سے فون پرخطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے قرآنی آیات، احادیث نبویؐ ، مختلف حکایات ،قدیم روایات اورسائنسی مثالوں کے ذریعے علم کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالی اورنئی نسل خصوصاًطلبہ وطالبات پر زوردیا۔الطاف حسین کا یہ خطاب کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، میرپورخاص، سکھر ، نواب شاہ ، سانگھڑ ،جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان ، رحیم یارخان ، خانیوال اورمظفرگڑھ میں بھی براہ راست سنا گیا۔الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اے پی ایم ایس او کے ذمے داران اور کارکنان کو35 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی اورکہاکہ دنیا میں انسانی وجود کے آنے کے بعد سے جتنی تاریخ لکھی گئی ہے اس میں 11، جون 1978 کو بننے والی آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن واحد طلباتنظیم ہے جس نے پاکستان کے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ، سرمایہ دارانہ اور کرپٹ سیاسی کلچر میں ایک غریب ومتوسط طبقے کی سیاسی جماعت کوجنم دیا۔ صرف جماعت ہی نہیں بنائی بلکہ سینیٹ ، قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی ایوانوں میں غریب ومتوسط طبقہ کے تعلیم یافتہ افراد کو جاگیرداروں اوربڑے بڑے سرمایہ داروں کے برابر بٹھاکر ثابت کردیا کہ تمام انسان برابر ہیں اور بڑائی کا معیار دولت نہیں بلکہ کردار وعمل ہوتا ہے اپنے خطاب کے آخرمیں الطا ف حسین نے تمام طلبہ وطالبات کیلیے دعائیں کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ آپ کے ذہنوں کوعلم کی روشنی سے منورفرمائے، آپ کی جائز خواہشات کو پورا فرمائے، آپ کو اچھاانسان بنائے اور آپ کوحصول علم کے راستے پر ڈالے کہ حصول علم عبادت ہے اوریہ عبادت ہی خداکاراستہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.