ملک میں کاٹن جننگ کے نئے سیزن کا قبل ازوقت آغاز

کراچی: ملک میں کاٹن جننگ کے نئے سیزن کا آغاز ہوگیا ہے، سندھ میں ضلع سانگھڑ کی تحصیل شہداد پور میں گزشتہ روز ایک جننگ فیکٹری نے کپاس کی جننگ شروع کردی جہاں اب تک400 بیلز کے برابر پھٹی پہنچ چکی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ توقع ہے کہ رواں ہفتے کے دوران مزید جننگ فیکٹریاں بھی آپریشنل ہو جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار جون کے تیسرے ہفتے کے اوائل میں نئے کاٹن جننگ سیزن کا آغاز ہوا ہے۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن(پی سی جی اے) کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال پھٹی کی خرید و فروخت کا آغاز 3100 روپے فی 40 کلو گرام جبکہ روئی کا لین دین 7 ہزار روپے فی من سے ہوا ہے جبکہ گزشتہ برس پھٹی کی خرید و فروخت 2500 روپے فی40 کلو گرام اور روئی کی فروخت 6800 روپے فی من سے شروع ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کے شہروں بدین، ٹھٹھہ، میرپور ساکرو اور جھڈو وغیرہ میں جزوی طور پر پھٹی کی چنائی شروع ہو چکی ہے اور آئندہ کچھ روز کے دوران میرپور خاص اور عمر کوٹ کے علاقوں میں بھی پھٹی کی چنائی شروع ہونے کا امکان ہے، گزشتہ سال کاٹن جننگ سیزن کا آغاز 24 جون کو پنجاب کے شہر ہارون آباد سے ہوا تھا لیکن رواں برس خراب موسمی حالات کے باعث پنجاب میں پھٹی کی آمد میں 2 سے 3 ہفتے کی تاخیر ہو سکتی ہے جبکہ گزشتہ برس سندھ میں خراب موسمی حالات کے باعث پھٹی کی آمد میں تاخیر ہوئی تھی

تبصرے بند ہیں.