ملک میں مزید20صنعتی پارکس قائم کیے جائیں گے،محسن سید

کراچی: وزارت صنعت وپیداوار کے ماتحت ادارہ نیشنل انڈسٹریل پارکس (این آئی پی) ڈیولپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی کے تحت قائم کردہ تمام انڈسٹریل پارکس بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے پاک ہیں کیونکہ این آئی پی نے ان تمام انڈسٹریل پارکس میں بجلی کی مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کیلیے سیلف پاورجنریشن یونٹس قائم کیے ہوئے ہیں۔ یہ بات نیشنل انڈسٹریل پارکس ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمحسن سید نے کراچی چیمبرکے صدر ہارون اگر سے چیمبر دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتکار برادری اور حکومت کے درمیان باہمی رابطوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق صنعتی ماحول کی فراہمی سمیت صنعتی پیداواری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کرنا ان کے ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، این آئی پی کے تحت مجموعی طور پر7 انڈسٹریل پارکس قائم کیے گئے ہیں جن میں کورنگی کریک کراچی، بن قاسم، خیرپور خصوصی زون، رچنا انڈسٹریل پارک اور رسالپور میں ماربل سٹی شامل ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں 20 مزید خصوصی صنعتی پارکس قائم کرنے کی حکمت عملی وضع کی گئی ہے جہاں ریلوے کی سہولت کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے گا، زمین کی ملکیت صوبائی حکومت کی ہوتی ہے۔ تاہم انتظامی امور این آئی پی کے پاس ہوتے ہیں۔ انہوں نے صدرچیمبر ہارون اگر کو وفد کے ہمراہ کورنگی کریک اور بن قاسم انڈسٹریل پارک کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پرکراچی چیمبرکے صدر محمد ہارون اگرنے معیشت کی ترقی کے لیے صنعت و برآمدات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں عوام اور نجی سیکٹر کے درمیان باہمی رابطے اور ہم آہنگی انتہائی اہم ہے۔

تبصرے بند ہیں.