ملک بھر میں طویل لوڈشیڈنگ، پانی نایاب، بہاولپور،مظفر آباد میں مظاہرے،گرمی سے مزید 4 افراد جاں بحق
لاہور / ملتان: ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کیخلاف مظفر آباد اور بہاولپور میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ بہاولپور میں اسلامیہ یونیورسٹی کے سیکڑوں طلبہ نے دھرنا دیا۔ ادھر ڈسکہ میں معمر خاتون اندھیرے کے باعث چھت سے گر کر جاں بحق ہو گئی جبکہ گرمی نے مزید 4 افراد کی جان لے لی۔ لاہور میں شیڈول کے مطابق 12گھنٹے بجلی بند رکھی گئی، انڈسٹریل سیکٹر کو 8گھنٹے بجلی فراہم کی گئی جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14سے 16گھنٹے ریکارڈ کیا گیا۔ادھر جنوبی پنجاب میں دیہی علاقے بدستور 20 سے 22 گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے جبکہ ملتان میں 12گھنٹے بجلی بند رکھی گئی۔ بہاولپور میں اسلامیہ یونیورسٹی ہوسٹلز کے سیکڑوں طلبا وطالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور یونیورسٹی گیٹ کے سامنے دھرنا دیا۔
تبصرے بند ہیں.