مفتاح اسماعیل کی گرفتاری نہ ہو سکی، نیب ٹیم رہائشگاہ سے روانہ

نیب کی ٹیم سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرنے کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچی تھی لیکن اسے اہلخانہ سے پوچھ گچھ کے بعد واپس جانا پڑا. خیال رہے کہ چیئرمین نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتاری کیلئے مفتاح اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں.نیب ٹیم خواتین اہلکاروں کے ہمراہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچی تو ملازمین نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ مفتاح اسماعیل کے سیکیورٹی سپروائزر نے نیب ٹیم کو روک دیا اور کہا کہ مشاورت کے بغیر دروازہ نہیں کھول سکتادنیا نیوز ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل کا موبائل فون دوپہر بارہ بجے سے بند ہے جس کی وجہ سے ان کی لوکیشن ٹریس نہیں ہو رہی تھی، پہلے مرحلے میں مفتاح اسماعیل کے گھر چھاپہ مارا گیا جبکہ ان کے آفس بھی نیب ٹیم جائے گی۔ نیب ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نیب کیساتھ تعاون نہیں کر رہے۔لیڈی اہلکاروں کے ساتھ آئی نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے اہلخانہ سے پوچھ گچھ کی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ان کی موجودگی سے انکار کرتے رہے۔مفتاح اسماعیل کی گرفتاری عمل میں نہ آنے کے بعد نیب کی ٹیم خالی ہاتھ واپس لوٹ گئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب راولپنڈی اور لاہور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شاہد خاقان کو ٹھوکر نیاز بیگ ٹول پلازہ کے قریب سے حراست میں لیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان، شہباز شریف کیساتھ پریس کانفرنس کیلئے لاہور آ رہے تھے۔نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری گزشتہ روز جاری ہوئے، شاہد خاقان کا احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لیا جائے گا، انہیں راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی کو 4 بار طلب کیا تھا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

تبصرے بند ہیں.