مسلسل ناکامیاں، آسٹریلیا کو بھیانک خواب آنے لگے

سڈنی: لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ لائن کے 128 پر ڈھیر ہوجانے کے بعد آسٹریلیا کو بھیانک خواب آنے لگے ہیں، جس میں پے درپے ایشز سیریز میں 10-0 کی ناکامی بھی شامل ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بھارت میں چار ٹیسٹ میں ناکامی اور پھر ٹرینٹ برج میں شکست کے بعد کینگروز طویل دورانیے کی کرکٹ میں مسلسل چھٹی شکست سے دوچار ہوچکے ہیں، مائیکل کلارک الیون کو انگلینڈ کا دورہ کرنے والی بدترین آسٹریلوی ٹیم قرار دیا جارہا ہے۔کوریئر میل کا لکھنا ہے کہ آسٹریلوی بیٹنگ کی حالیہ ناکامی نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، اس سے قبل تین دہائیوں پہلے ویسٹ انڈین پیس اٹیک کے سامنے کینگروز کی ایسی درگت بنی تھی، آسٹریلیا اب تک مسلسل پانچ ٹیسٹ ناکامیوں کا سامنا کرچکا ہے، اس سے قبل 7 لگاتار شکستوں کا واقعہ 1884-87 کے درمیان پیش آچکا ہے، اس کے علاوہ ٹیم کی موجودہ پرفارمنس کے پیش نظر سال کے اواخر میں جوابی ایشز سیریز میں بھی کرکٹ آسٹریلیا کو ٹکٹوں کی فروخت میں خسارے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔دوسری جانب انگلش بیٹسمین ای ین بیل کے متنازع ’ ناٹ آؤٹ ‘ فیصلے پر بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہونے والی تنقید کے معاملے کی سی اے چانچ کررہا ہے، واضح رہے کہ بیل کو ٹی وی امپائر ٹونی ہل نے ناٹ آؤٹ قرار دیکر بیٹنگ جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا تھا، ریان ہیرس کی گیند پر گلی پوزیشن پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کو امپائر نے مشتبہ خیال کیا تھا جبکہ ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہورہا تھا کہ اسمتھ نے گیند کو تھام لیا تھا، اس فیصلے پر سی اے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تنقیدی کمنٹس جاری ہوئے،جنھیں بعد میں حذف کردیاگیا تھا، تاہم وہ اس ٹوئٹ کرنے والے شخص کا نام جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.