مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیس میں گرفتار لیگی کارکنان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

دو سال بعد آپکو پولی گرامیٹک ٹیسٹ یاد آگیا ،جس پارٹی کی حکومت آتی ہے مخالفین کی گرفتاریاں شروع کر دیتی ہے‘ ریمارکس

لاہور- انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیس میں گرفتار دولیگی کارکنان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کا حکم دیدیا۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی ۔
گرفتار لیگی کارکن محمد طاہر مغل اور رانا علی رضا خان کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔
تفتیشی افسر نے ملزمان کے پولی گرامیٹک کرانے کیلئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔فاضل عدالت کے جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا دو سال بعد آپ کو ملزمان کا پولی گرامیٹک ٹیسٹ یاد آگیا ۔کارکنان کے جسمانی ریمانڈ سے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔تفتیشی نے موقف اپنایا 300 افراد نے نیب کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا تھا ، فوٹیج کے ذریعے دیکھنا چاہتے ان کارکنان نے کس کس کو زخمی کیا ۔ عدالت نے کہا کہ جس پارٹی کی حکومت آتی ہے وہ مخالفین کی گرفتاریاں شروع کر دیتی ہے ۔ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے ۔عدالت نے ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کا حکم دیدیا۔

تبصرے بند ہیں.